اہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اور سندھ کے 20اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے پولنگ آج ہو گی جوکہ صبح سات بجے سے شروع ہو کر شام ساڑھے پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی ،الیکشن کمیشن نے زائدالمیعادشناختی کارڈپرووٹ ڈالنے کی اجازت بھی دیدی ہے لیکن پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس پر ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا کر صبح سات بجے کر دیاہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنا حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں .،پنجاب میں پہلے مرحلے میں لاہور ،فیصل آباد گجرات ،ننکانہ ،چکوال ،اوکاڑہ ،پاکپتن ،بہاولنگر،وہاڑی ،اور لودھراں میں دو کروڑ 85لاکھ 333ووٹر اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے کیلئے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔پنجاب میں 16ہزار دو سو چھیاسٹھ پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں،چیئرمین اور وائس چیئرمین کیلئے 6ہزار 307 امیدوار مدمقابل ہوں گے جبکہ 16امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں ۔بلدایاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سندھ کے 8اضلاع میں 10ہزار 87امیدوار مد مقابل ہیں ،46لاکھ 17ہزار 24ووٹرز اپنے حق رائے دہی کو استعمال کرتے ہوئے اپنے اپنے نمائندے منتخب کریں گے جن کیلئے 4ہزار 31پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں ۔