کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک، معروف پاکستانی اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے پاکستان میں بھارتی فلموں پر پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سینما کو اس وقت بھارتی فلموں کی اشد ضرورت ہے اس لئے پاکستان کو بھارت کے نقش قدم پر چلنے کے بجائے تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستانی فنکاروں کو کام سے روک کر انتہائی غلط کیا لیکن ہمیں ویسا ہی غلط عمل نہیں کرنا چاہیے۔پاکستانی اداکار کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانی سینما کو بھارتی فلموں کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستانی فلمی صنعت ابھی اس قابل نہیں ہے کہ وہ تنہا پاکستانی سینما کو چلا سکے،انھوں نے کہا کہ’ ’ہم سب بھارتی فلمیں بچپن سے غیر قانونی طریقے سے دیکھتے رہے ہیں اور اگر وہ قانونی طریقے سے پاکستان کے سینیما میں دکھائی جا رہی ہیں تو کیا غلط ہے؟“