Thursday, November 21, 2024
spot_img

وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئل گیس اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بھیجی جانے والی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی۔

وزیراعظم کی جانب سے سمری مسترد ہونے کے بعد پیٹرولیم کی تمام مصنوعات 31 مئی تک پرانی قیمتوں‌ پر فروخت کی جائیں‌ گی۔ وزیرمملکت نے بتایاکہ وزیر اعظم عالمی سطح  پر قیمتوں میں اضافےکا بوجھ عوام پر ڈالنا نہیں چاہتے۔

انہوں نے بتایا کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے سےحکومت کو 2 ارب 77 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا‘۔

فرخ حبیب نے بتایا کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی میں ایڈجسٹمنٹ کی جبکہ لائٹ ڈیزل اورمٹی کے تیل پر عائد سیلزٹیکس میں بھی کمی کی ہے۔

وزیرمملکت نے بتایا کہ 30 اپریل کو بھی عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا، اس سے پہلے بھی 4 ارب 80 کروڑ روپےکا بوجھ حکومت نے برداشت کیا تھا۔

پاکستان بھر میں 31 مئی تک فی لیٹر پیٹرول 108 روپے 56 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 110 روپے 76 پیسے فی لیٹر (پرانی قیمت) پر فروخت کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے ہر پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے سمری وزارتِ خزانہ کو ارسال کی جاتی ہے، جس کی حتمی منظوری وزیراعظم عمران خان دیتے ہیں۔

Related Articles

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisement -spot_img

تازہ ترین