Tuesday, December 3, 2024
spot_img

متحدہ عرب امارات، کم عمر بچوں کو کرونا ویکسین دینے کی ہنگامی منظوری

دبئی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے کرونا ویکسی نیشن کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے اب بچوں کو بھی ویکسین لگانے کی منظوری دے دی۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے محکمۂ صحت اور کرونا وبا پر نظر رکھنے والے متعلقہ اداروں کی سفارش پر 12 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کو  کرونا ویکسین لگانے کی منظوری دی گئی۔

یو اے ای حکام کے مطابق 12 سے15 سال کی عمرکے بچوں کو امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کی ویکسین لگائی جائےگی۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں متحدہ عرب امارات کے مقامی بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی، جس کے لیے والدین کو اپنے بچوں کی رجسٹریشن کروانے کی ضرورت ہوگی۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز  کے حوصلہ افزا نتائج کے بعد 12 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کو ویکسین دینے کی منظوری دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ آزمائش کے دوران مقامی ڈاکٹرز نے تحقیق پر گہری نظر رکھی اور اطمینان کے بعد اس کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی۔

محکمہ صحت کے مطابق اس اقدام سے کرونا وبا کی روک تھام میں مدد ملے گی اور اس عمر کے بچوں کو وائرس سے بچایا جاسکے گا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے رواں سال مارچ کے آخر تک تمام شہریوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، اب تک ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد شہریوں کو ویکسین دی جاچکی ہے۔

یاد رہے کہ اب تک دنیا بھر میں کم عمر بچوں کو ویکسین لگانے کی باقاعدہ منظوری نہیں دی گئی۔ امریکا میں یہ ابھی اس حوالے سے غور کیا جارہا ہے۔

Related Articles

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisement -spot_img

تازہ ترین