Thursday, November 21, 2024
spot_img

فیصلہ کن معرکہ: پاکستان کا جنوبی افریقا کو 321 رنز کا ہدف

نچورین: فیصلہ کن معرکے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لئے 321 رنز کا ہدف دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا آخری ایک روزہ میچ آج سنچورین میں کھیلا جارہا ہے، جہاں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان نے مسلسل دوسرے میچ میں پروٹیز کے خلاف دوسری سینچری اسکور کی، فخر زمان 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، امام الحق نے 57 رنز بنائے۔

کپتان قومی ٹیم بابر اعظم نے 94 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، وہ میچ کے آخری بال پر چھکا مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے، بابر اعظم کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

میچ کے آخری لمحات میں فاسٹ بولر حسن علی نے کپتان بابراعظم کے ساتھ مل کر 24 گیندوں پر 36 رنز کی شراکت داری قائم کی، حسن علی نے ایک اوورز میں چار چھکے بھی جڑتے ہوئے محض 11 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

طویل عرصے بعد فائنل الیون میں شامل ہونے والے سرفراز احمد قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکے اور 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپر محمد رضوان 2، آل راؤنڈر فہیم اشرف 1 اور محمد نواز 4 رنز بناسکے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کیشومہاراج نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایڈن مکرم نے دو جبکہ جے جے سمٹ نے ایک وکٹ حاصل کیں۔

فیصلہ کن معرکے کے لئے قومی ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں گئیں ، طویل عرصے سے اسکواڈ میں شامل وکٹ کیپر سرفراز احمد آج فائنل الیون میں شامل ہوئے ، اس کے علاوہ فاسٹ بولر حسن علی ، محمد نواز بھی ٹیم کا حصہ بنے، ساتھ ہی عثمان قادر  کو ڈے ڈیبیو کرایا گیا۔

آصف علی ، دانش عزیز، محمد حسنین کو ڈراپ کیا گیا جبکہ انجرڈ شاداب خان سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔

پاکستانی اسکواڈ میں امام الحق، فخر زمان، بابراعظم ، محمد رضوان، سرفراز احمد، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی ،شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور حارث روف شامل تھے۔

دوسری جانب نجی لیگ میں شرکت کے باعث جنوبی افریقہ کی آدھی ٹیم تبدیل کی گئی ، رباڈا، نورکیا، ملر،ڈی کوک،اورانگیڈی آج کے اہم ترین معرکے میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے، میچ سے قبل جنوبی افریقہ کے وین ڈرڈوسن انجری کے باعث تیسرے ون ڈے سے باہر ہوئے۔

قومی کرکٹ ٹیم نے سال دوہزار تیرہ میں پہلی بار پروٹیز کے ہوم گراؤنڈ میں ایک روزہ سیریز اپنے نام کی تھی۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین وکٹ سے ہرایا جب کہ دوسرے ٹاکرے میں میزبان ٹیم نے17 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، آج پاکستان ٹیم فتح یاب ہوتی ہے تو تاریخ رقم ہوگی۔

Related Articles

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisement -spot_img

تازہ ترین