لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک 13سالہ بچے کو ساحل سمندر پر بوتل میں بند ایک پیغام مل گیا جسے پڑھنے کے لیے وہ خوشی خوشی گھر پہنچا اور جب بوتل کھولی تو اندر سے ایسی تحریر نکل آئی کہ ساری خوشی غارت ہو گئی۔ برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق روبی چیپیل نامی لڑکا اپنی والدہ کے ہمراہ ہیلنگ جزیرے پر سمندر کنارے چہل قدمی کر رہا تھا کہ اسے پانی میں تیرتی ایک بوتل نظر آئی جس میں ایک کاغذ تھا۔ بچے نے بوتل اٹھائی اور والدہ کے ساتھ گھر کی راہ لی تاکہ اسے جلدی سے کھول کر پڑھ سکے۔
رپورٹ کے مطابق جب روبی نے گھر آ کر بوتل سے وہ کاغذ نکالا تو اس پر دو نشئی دوستوں کی گفتگو درج تھی جو ایک ہی دن قبل انہوں نے بہت زیادہ مقدار میں کوکین لینے کے بعد درج کرکے سمندر کے حوالے کی تھی۔ بوتل کے اندر موجود کاغذ پر لکھا تھا کہ ”ڈین اینڈ ڈین 1/10/16کو 12بجکر19منٹ پر یہاں تھے۔ یہاں ہم نے بہت زیادہ کوکین پی۔ کوکین پینے کے ان لمحات کے لیے بہت بہت پیار۔“ روبی نے اس خط کی ایک ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر پوسٹ کی ہے جسے اب تک 16ہزار شیئر کر چکے ہیں۔روبی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ”آج تک دنیا میں بوتلوں میں بند جتنے پیغامات لوگوں کو ملے ہیں ان سب میں یہ بدترین پیغام تھا۔ اس نے ہمیں بہت مایوس کیا۔“