لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ہمارے معاشرے میں عمومی طورپر دوسری شادی کرنیوالی یا بیوہ خواتین کیلئے جینا مشکل ہوجاتاہے اور ایسا ہی کچھ ماہیا گانے سے شہرت پانیوالی پاپ گلوکارہ عینی خالد کیساتھ ہوا،2012ءمیں پہلی شادی ختم ہونے کے بعد عینی نے 2014ءمیں دوسری شادی کرلی تھی اور یہ شادی بظاہر کامیاب ہے۔عینی نے اپنی دوسری شادی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر خاوند کیساتھ لی گئی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر شیئرکردیں جس پر دیگرصارفین نے دوسری شادی کو بنیاد بنا کر تنقید شروع کردی جس پر عینی نے کسی دباﺅ میں آنے کی بجائے نہایت جذباتی پیغام شیئرکردیا۔
عینی نے لکھاکہ ”پس میں آنکھوں میں آنسو لیے یہ پوسٹ لکھ رہی ہوں کیونکہ میں بیمار ہوںاور دوسری شادی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر پڑنے والی گالیوں سے تھک چکی ہوں ، ہاں ، میں نے دوبارہ شادی کی ، لوگ کیوں لکھتے ہیں کہ ، آپ کتنی مرتبہ شادی کروگی، مرد کھانے والی ، بے حیاءعورت، واحیات عورت ، مجھ سے کیا گناہ ہوگیا؟‘
ہمارا مذہب طلاق کے بعد دوبارہ شادی کی اجازت دیتاہے ، ہماری پیاری حضرت خدیجہ ؓ نے تین مرتبہ شادی کی ،ان کی تیسری شادی حضرت محمد ﷺ کیساتھ تھی ۔ حضرت خدیجہ سے بہتر کون ہے؟ ہمارے نبی محمد ﷺ سے بہتر کون ہے؟ کوئی بھی نہیں ۔
پاکستانی کلچر کیساتھ کیا مسئلہ ہے جہاں مطلقہ خواتین کے سکینڈل بنائے جاتے ہیں اور انہیں برا بھلا کہاجاتاہے، صحابہ کرام کے زمانے میں مرد مطلقہ خواتین سے شادی کیلئے قطاروں میں کھڑے ہوتے تھے کیونکہ وہ اللہ کے نزدیک اس کا صلہ جانتے تھے لیکن ہمارے زمانے میں ان سے نظریں چرائی جاتی ہیں، آپ مرد جو میری پوسٹس کے نیچے کمنٹ کرتے ہیں ، آپ میں کچھ شرم ہے ، کوئی بھی شخص اپنی شادی توڑنا نہیں چاہتا لیکن اگر ایسا ہوجاتاہے توآپ کیا کرسکتے ہیں؟کیا آپ مجھے تنہا اور ناخوش دیکھ کر خوش ہوں گے؟ اس سے آپ خوش ہوں گے؟سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ جب خواتین اسے ’خوفناک‘ بھی کہتی ہیں، میں توقع کرتی ہوں کہ لڑکیاں زیادہ ہمدر د اور قابل فہم بنیں لیکن کتنے دکھ کی بات ہے کہ آپ نے بھی اپنے سنگدلانہ کمنٹس سے مجھے تکلیف دی، یاد رکھیں کہ یہ آپ کی ماں یا بہن کیساتھ بھی ہوسکتا ہے حتیٰ کہ آپ کے اپنے ساتھ بھی ہوسکتاہے“۔