دبئی : آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کے حسن علی دنیا کے بہترین بولر بن گئے، بیٹسمین رینکنگ میں بابر اعظم کا چوتھا نمبر آل راؤنڈرز کیٹگری میں محمد حفیظ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ون ڈے انٹرنیشنل کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق چیمپئز ٹرافی کے ہیرو پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی ون ڈے میں دنیا کے بہترین بولرقرار پائے ہیں.
محمد حفیظ نے آل راؤنڈر رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، آئی سی سی کی نئی درجہ بندی میں فاسٹ بولر حسن علی نے لمبی چھلانگ ماری۔
یو اے ای میں سری لنکا کے خلاف بہترین کارکردگی پر حسن علی نے چھ درجہ ترقی کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا، ابوظہبی میں حسن علی تیز ترین پچاس وکٹیں لینے والے بولر بنے تھے۔
سری لنکا کے خلاف سیریز میں دو سنچریاں بنانے والے بابر اعظم بیٹسمین رینکنگ میں دو درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے جبکہ آل راؤنڈرز رینکنگ میں محمد حفیظ نے پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا، ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان چھٹے نمبر پر براجمان ہے۔
علاوہ ازیں تازہ رینکنگ کے مطابق بلے بازی میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز نے پہلی، بھارتی کپتان ویرات کوہلی دوسری، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تیسری، پاکستان کے بابر اعظم دو درجے ترقی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر براجمان ہوگئے۔