بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) حال ہی میں دنیا کی سب سے بڑی دوربین نصب کرنے کے بعد چین نے خلائی میدان میں اپنا لوہا منوانے کے لئے ایک اور بڑے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے، اب وہ دنیا کا سب سے بڑا نیا خلائی طیارہ بنائے گا جو ایک ساتھ 20مسافروں کو لیکر روزانہ کی بنیاد پر زمین کے مدار سے باہر سفرکرسکے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس طیارے کو چائنا اکیڈمی آف لانچ وہیکل ٹیکنالوجی نے ڈیزائن کیا ہے اور اس کا خیال حال ہی میں میکسیکو میں ہونے والی کانفرنس میں پیش کیا گیا۔ چین کا یہ خلائی طیارہ کسی راکٹ کی طرح عمودی ٹیک آف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا جبکہ آٹومیٹک لینڈنگ کرسکے گا۔سائنسدانوں نے طیارے کے دو ڈیزائن تیار کیے ہیں۔منصوبے پر عملدارآمد اگلے دو سال میں متوقع ہے ۔