لاہور (ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 2016 کے نئے پے سکیل یکم جولائی سے نافذ کر دئیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کنوینس چارجز میں اضافہ کیا گیا ہے کنوینس چارجز گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کو دفتر سے دیر سے جانے پر دئیے جاتے ہیں جو پہلے 120 روپے فی دن تھے اس کو بڑھا کر 150 روپے فی دن کر دیا گیا ہے۔ جبکہ چھٹی کے روز دفتر بلانے پر کنوینس چارجز فی دن 190 روپے دئیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ معذور افراد کے لئے 1 ہزار روپے ماہانہ کنوینس چارجز دئیے جائیں گے۔ کلاس فور کے انٹگریڈیٹ الائونس کو 300 روپے سے بڑھا کر 450 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کلاس فور کے واشنگ الائونس کو 100 روپے سے بڑھا کر 150 روپے، ڈریس الائونس کو 100 روپے سے بڑھا کر 150 روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح پہاڑی علاقوں پر کام کرنے والے سرکاری ملازمین کے ہل الائونس کو بھی بڑھایا گیاہے گریڈ 1 سے 15 تک ہل الائونس جو 500 روپے دیا جاتا تھا اس کو 1 ہزار کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح گریڈ 16 کے ہل الائونس کو 750 سے بڑھا کر 1500 کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک ہل الائونس 1 ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار کر دیا گیا ہے