Thursday, November 21, 2024
spot_img

کراچی: مہارت کے ساتھ کار چرانے والے بچے کو مالک نے معاف کر دیا

کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس سے نہایت مہارت کے ساتھ کار چرانے والے 9 سالہ بچے کو کار کے مالک نے معاف کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی کے علاقے خیابان مجاہد فیز 5 میں پولیس کو ایک کار کے چرائے جانے کی اطلاع ملی جس پر اہل کاروں نے کار کا تعاقب کر کے سی ویو پر اسے روکا تو یہ دیکھ کر وہ حیران رہ گئے کہ اس میں ایک نو سالہ بچہ بیٹھا تھا۔

درخشاں پولیس نے کار کو تحویل میں لے کر بچے کو گرفتار کر لیا تھا، اب پولیس حکام نے کہا ہے کہ بچہ والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے، کیوں کہ معلوم ہوا ہے کہ 9 سالہ بلال شرارتی ہے اور وہ عادی چور نہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کار مالک نے بھی بچے کو معاف کر دیا، اور کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی، دوسری طرف پولیس کی جانب سے بچے کے والدین کو سخت تنبیہ بھی کی گئی ہے۔

اس دل چسپ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر دکھائی گئی، فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک بچے نے ایک منٹ کے اندر اندر بڑی مہارت سے کار کا دروازہ کھولا اور اندر داخل ہو کر گاڑی بھی اسٹارٹ کر لی، اس کے بعد وہ کار ایک ماہر ڈرائیور کی طرح چلاتا ہوا لے گیا۔

بچے کے بارے میں معلوم ہوا تھا کہ وہ کراچی کے علاقے مچھر کالونی کا رہائشی ہے، جس نے شرارت پر مبنی یہ واردات ڈیفنس کے علاقے خیابان مجاہد فیز فائیو میں کی۔ فوٹیج دیکھنے کے بعد کوئی نہیں کہہ سکتا تھا کہ بچہ ماہر کار لفٹر ہے یا محض ایک چھوٹے بچے کی شرارت۔

پولیس کا کہنا تھا اہل کاروں کو پولیس کنٹرول پر اطلاع ملتے ہی گشت پر مامور پولیس الرٹ ہو گئی تھی، جب پولیس نے کار روک کر اسلحہ تانا تو اندر سے ایک بچہ نکلا، اہل کار بچے کو دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے۔

Related Articles

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisement -spot_img

تازہ ترین