کابل : افغان دارالحکومت کابل میں بین الاقوامی فوجی ہیڈاکوارٹرز پرراکٹوں سے حملہ کیا گیا، حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
تفصیلات کے مطابق افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں صبح سویرے انٹرنیشنل فوجی ہیڈکوارٹرز پر نامعلوم سمت سے 2 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد دھماکوں کی آوزایں سنی گئیں۔
افغان میڈیا کے مطابق راکٹ حملوں کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل کی 2 مساجد میں خودکش حملوں کے نتیجے میں 72 افراد شہید جبکہ 55 زخمی ہوگئے تھے۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق پہلا دھماکہ کابل کی امام بارگاہ میں ہوا جس میں 30 افراد شہید ہوئے جبکہ دوسرا دھماکہ غور کے علاقے میں واقع مسجد میں ہوا جس میں مزید 42 افراد شہید ہوگئے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل افغانستان کے صوبے قندھار میں افغان ملٹری بیس پر ہونے والے کار بم دھماکے میں 43 فوجی ہلاک متعدد زخمی اور 6 لاپتا ہوگئے تھے، جوابی کارروائی میں دس حملہ آور بھی مارے گئے تھے