لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پتوکی ٹرین حادثے پر گیٹ مین اور انچارج کو معطل کر دیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد کے ورثاءکیلئے امداد کا اعلان بھی کیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پتوکی ٹرین حادثے کی تحقیقات کی روشنی میں فرائض میں غفلت برتنے پر گیٹ مین مبشر حسین اور انچارج کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیٹ مین مبشر حسین کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری کا حکم دیدیاہے۔
وزیر ریلوے نے حادثے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو 10 لاکھ روپے فی کس اور حادثے کے زخمیوں کو 3 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان بھی کیا۔ واضح رہے کہ پتوکی ٹرین حادثے میں تین افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔