Thursday, November 21, 2024
spot_img

موجودہ حالات میں بھارت سے تجارت کی تو کشمیریوں سے غداری ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اقدامات واپس لینے تک بھارت سے تجارت ناممکن ہے ، موجودہ حالات میں بھارت سے تجارت کی تو کشمیریوں سے غداری ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تاجک صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی ، وزیراعظم نے تاجکستان کےصدراوروفدکوپاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا تاجکستان کےصدراورمیری پیدائش ایک ہی دن ہوئی ، اس لحاظ سے تاجکستان کےصدراورمیری عمرایک جتنی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تاجکستان کیساتھ آج ایم اویو پر دستخط ہوئے ہیں، ایم او یوز پر دستخط سے تجارتی روابط بہتر ہوں گے جبکہ پاکستان اور تاجکستان کیلئے گوادر کےذریعے تجارت آسان ہوگی۔

انھوں نے کہا تاجکستان اور پاکستان کومشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے، تاجکستان اور پاکستان میں تجارت کیلئے ضروری ہےافغانستان میں امن ہو، افغانستان امن عمل کامیاب نہ ہواتو صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے ، افغانستان میں سیاسی استحکام نہ ہوا تو افغانستان میں دہشت گردوں کو چھپنے کا موقع ملے گا۔

افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا افغانستان میں انتشار کی صورت میں دہشتگردی میں اضافہ ہوگا، دونوں ممالک چاہتے ہیں افغان مسئلے کا سیاسی حل ضروری ہے اور امریکی انخلاکیساتھ افغانستان میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور تاجکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج کا بھی سامنا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے ماحولیاتی تبدیلی پر مل کر آواز بلند کریں گے۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے انھوں نے کہا بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ، یکطرفہ اقدامات واپس لینے تک بھارت سے تجارت ناممکن ہے ، موجودہ حالات میں بھارت سے تجارت کی تو کشمیریوں سے غداری ہوگی، تجارتی روابط بڑھانے کیلئے بھارت سمیت خطے میں امن کابحال ہونا ضروری ہے۔

وزیراعظم کا اسلاموفوبیا کے حوالے سے کہنا تھا کہ آزادی اظہاررائے کی آڑ میں نبیﷺکی شان میں گستاخی کی جاتی ہے، بدقسمتی سے اسلام کو دہشتگردی کے ساتھ جوڑ دیاجاتا ہے، ان وجوہات کی وجہ سے اسلاموفوبیا پھیل رہی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نیب اورتاجکستان کےکرپشن بیورو کے ایم او یوپربھی دستخط ہوئے ہیں، پاکستان 2025میں بین الاقوامی گلیشیئر ڈے بنانے کی تائید کرتاہے، ایک ہزار ارب ڈالر ترقی پذیر ممالک سے باہر جاتاہے۔

Related Articles

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisement -spot_img

تازہ ترین