دبئی (نیوز ڈیسک) اپنی گاڑی کی پرکشش نمبر پلیٹ کیلئے آپ کتنے پیسے خرچ کرسکتے ہیں؟ یہی کوئی ہزار، دس ہزار ، ایک لاکھ یا ایک کروڑ؟ لیکن اس بھارتی کاروباری شخص کیلئے گاڑی کی نمبر پلیٹ اس سب سے بہت بڑھ کر ہے اور اس نے ایک نمبر پلیٹ صرف 60 کروڑ بھارتی یا 1 ارب پاکستانی روپے میں خرید لی۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز دبئی میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی بولی لگی جس میں حصہ لینے والے بھارتی بزنس مین بلوند ر ساہانی نے اپنی رولز رائس کار کیلئے ” D5“ کی نمبر پلیٹ ساڑھے 3 کروڑ درہم یا 90 لاکھ ڈالر (تقریبا ایک ارب پاکستانی روپے) میں خرید لی۔ ہفتہ کے روز ہونے والی بولی میں 80 نمبر پلیٹس کی بولی لگائی گئی جبکہ D5 کی نمبر پلیٹ کیلئے بولی ساڑھے 50 لاکھ ڈالر سے شروع ہوئی تھی ۔پراپرٹی مینجمنٹ کمپنی کے مالک ساہانی نے صرف اسی پر بس نہیں کی بلکہ ایک اور نمبر پلیٹ بھی 10 لاکھ درہم یا 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر میں خرید لی۔
دبئی میںایک ہندسے پر مشتمل گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کوشان و شوکت کی علامت سمجھا جاتا ہے اسی لیے انہیں باقاعدہ بولی لگا کر فروخت کیا جاتا ہے۔ دبئی میں اب تک سب سے مہنگی نمبر پلیٹ 2008 میں 140 ملین ڈالر میں فروخت ہوئی تھی جو سعید الخوری نامی بزنس مین نے خریدی تھی، اس نمبر پلیٹ کا نمبر ”1“ تھا۔