لندن میں خاتون پولیس افسر نے دوران ڈیوٹی ’فری فلسطین‘ کے نعرے لگادیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لندن میں خاتون پولیس افسر کی جانب سے ’فری فلسطین‘ کے نعرے لگانے پر میٹروپولیٹن پولیس نے تحقیقات شروع کردیں، واقعہ لندن میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کے دوران پیش آیا۔
میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس افسران سیاسی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوسکتے، ہم ویڈیو سے آگاہ ہیں اور تحقیقات کررہے ہیں۔
ترجمان میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے اعتماد کے لیے ضروری ہے کہ افسران غیر جانبدار رہیں۔
خاتون پولیس افسر کے نعرے پر مظاہرین نے خوشی کا اظہار کیا تھا، پولیس افسر نے مظاہرین میں سے ایک کو گلے لگایا، اور سفید پھول وصول کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی سراپا احتجاج ہیں، بیت اللحم میں فلسطینی سڑکوں پر نکلے اور احتجاج کیا، اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پر شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 213 فلسطینی شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں 61 بچے، 36 خواتین شامل ہیں۔