اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان میں باہمی رضا مندی سے طلاق ہوگئی.
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان میں باہمی رضا مندی سے طلاق ہوگئی ہے اور اب یہ رشتہ نہیں چل سکتا، انھوں نے میڈیا سے درخواست ہے کہ غلط فہمی پھیلانے سے گریز کیا جائے.
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور اور ان کی اہلیہ ریحام خان کے درمیان طلاق کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے افواہیں گردش کررہی تھیں.
نجی ٹی وی چینل کے میزبان عارف نظامی نے اپنے پروگرام میں انکشاف کیا تھا کہ عمران اور ریحام خان کے ازدواجی تعلقات انتہائی نازک موڑ تک پہنچ چکے ہیں اور میاں بیوی کے درمیان رشتہ ختم ہونے کے قریب ہے.
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان رواں سال 8 جنوری کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، عمران خان اور ریحام خان کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا، حق مہر کی رقم ایک لاکھ رکھی گئی تھی، نکاح کی تقریب میں قریبی دوستوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی، نکاح کےموقع پر بی بی سی گرل اور عمران خان نے آف وائٹ رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا.
اس سے قبل عمران خان اور جمائمہ کے درمیان شادی کے 9 سال بعد 2004 میں طلاق ہو گئی تھی لیکن اس کے باوجود دونوں کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔