**لندن (نیوز ڈیسک) کسی کے موبائل فون کی تلاشی پر چھوٹا موٹا قابل اعتراض مواد تو مل ہی سکتا ہے لیکن برطانیہ میں پولیس نے ایک شخص کے موبائل فون کی تلاشی لی تو ان کے ہوش ہی اڑ گئے۔ سیکیورٹی اہلکار یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ اس شخص کے موبائل فون پر اربوں ڈالر کے اسلحہ کی خریداری اور اس کی منتقلی کے لئے ایک کارگو طیارہ کرائے پر لینے کے شواہد موجود تھے۔ برطانوی کراﺅن پراسیکیوشن سروس کے نمائندے کا کہنا ہے کہ اس شخص کے موبائل فون سے برآمد ہونے والی دستاویزات سے پتہ چلا کہ یہ دہشت گردی کے لئے بھاری اسلحہ خرید رہا تھا۔
امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق 29 سالہ عبدالرﺅف ایشاتی کا تعلق برطانیہ کے علاقہ ریکس ہیم سے ہے اور وہ مشرقی یورپ سے غیر قانونی اسلحہ خرید کر خانہ جنگی سے متاثرہ لیبیا کے مختلف علاقوں میں بھیج رہا تھا۔ اسے برطانیہ اور فرانس کی سرحد کے قریب ڈوور کی بندرگاہ کے قریب ایک ٹرک سے گرفتارکیا گیا تھا۔ تلاشی کے دوران جب اس کے فون کو چیک کیا گیا تو اس پر 2 ڈاکومنٹ ملے جن سے انکشاف ہوا کہ وہ دہشتگردی کے مقاصد کے لئے کروڑوں ڈالر کا اسلحہ خرید رہا تھا۔ برطانوی حکام کے مطابق ملزم کے خلاف تفتیش کے پہلے دن ہی اس نے اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا جس کے بعد لندن کی اولڈ بیلی عدالت نے اسے چھ سال قید کی سزا سنادی۔