* *استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک)ترکی میں کرد باشندوں کی ریلیوں پر کئی خودکش حملے ہو چکے ہیں جو مبینہ طور پر داعش کے شدت پسندوں کی طرف سے کیے گئے۔ اب ترک پولیس کو ایک اور چیلنج کا سامنا ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے طابق ترک پولیس کو خفیہ اطلاع ملی ہے کہ داعش نے ایک خوبصورت لڑکی ترکی میں داخل کر دی ہے جو ممکنہ طور پر کوئی دہشتگردانہ کارروائی کر سکتی ہے۔ترک پولیس نے اس لڑکی کی تلاش کے لیے ”مطلوب“ کا ایک پوسٹر بھی جاری کیا ہے جس پر اس کی تصویر آویزاں کی گئی ہے۔
تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس مطلوب لڑکی نے چہرے پر لیونارڈو کے شاہکار ”مونالیزا“ جیسی دلفریب مسکراہٹ سجا رکھی ہے۔اس 20سالہ لڑکی کا نام والینٹینا سلوبوجنوک(Walentia Slobodjanuk) بتایا جاتا ہے جو 1995ءمیں قازقستان کے شہر بورات(Borat)میں پیدا ہوئی تھی۔ یہ یلڈیز بوزکرت(Yildiz Bozkurt)کے نام سے جعلی شناختی دستاویزات پر سفر کر تی ہوئی شام سے ترکی میں داخل ہو چکی ہے اور ترک پولیس اس کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ترک پولیس کا کہنا ہے کہ یہ لڑکی انقرہ میں کسی معروف سیاحتی مقام کو نشانہ بنا سکتی ہے۔