لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب کے12اور سندھ کے 8اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم اس موقع پر دھاندلی اور انتخابی بے ضابطگیوں کے معاملات بھی سامنے آرہے ہیں جس کے نتیجے میں مختلف حلقوں سے ابھی تک پانچ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔لاہور کے علا قے ماڈ ل ٹاﺅن میں جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کے شبہ میں پی ٹی آئی کار کنان نے ایک شہری شاہد اقبال کو پکڑ لیا ۔پی ٹی آئی کے کارکنان کا کہنا ہے کہ شاہد اقبال جعلی ووٹ کاسٹ کررہا تھا ۔ پولیس نے پی ٹی آئی کو شاہد اقبال کا ریکارڈ چیک کرنے کی اجازت دے دی ۔گجرات میں پولیس نے جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کے الزام میں آزاد امید وار چوہدری فراز کے بھائی کو گرفتار کیا تو آزاد امید وار کے حامیوں نے تھانہ اے ڈویژن پر دھاوابول دیا اور ایس ایچ او شیراز چیمہ کا گھیراو کر لیا جس کے بعد چوہدری فراز اپنے بھائی کو پولیس کی حراست سے چھڑا کر لے گئے۔ادھر یوسی لودھی کے پولنگ سٹیشن نمبر 102سے دھاندلی کے الزام میں اسسٹنٹ پریز ائیڈنگ افسر غلام نبی سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ادھر جیکب آباد میں بھی جعلی ووٹ کاسٹ کر نے پر اسسٹنٹ پولنگ افسرشاہ میر عباسی کو گرفتار کیا گیا ہے ۔فیصل آباد میں بھی جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔