ممبئی: کئی سالوں سے صحت کے مسائل سے دوچار بھارتی لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کو طبیعت ناسازی کے باعث ایک بار پھر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کو ایک بار پھر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے بتایا کہ انہیں گزشتہ دنوں سے سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹرز کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔
سائرہ بانو نے اداکار کے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ جی کو اپنی دُعاؤں میں یاد رکھیں تاکہ وہ جلد مکمل طور پر صحتیاب ہوسکیں۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے ٹریجڈی کنگ کے نام سے مشہور تجربہ کار اداکار دلیپ کمار کا کیریئر چھ دہائیوں پر محیط ہے، انہوں نے اپنے کیریئر میں 65 سے زائد فلموں میں اداکاری کی ہے۔
دلیپ کماری فلم دیوداس (1955) ، نیا دور (1957) ، مغل اعظم (1960)، گنگا جمنا (1961)، کرانتی (1981) اور کرما (1986) جیسی فلموں میں اپنے مشہور کرداروں کے لئے جانے جاتے ہیں۔
اداکار دلیپ کمار کو 1994 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور 2015 میں پدم وبھوشن سے نوازا جاچکا ہے۔