اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کو انتخابی نشان الاٹ کرنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ پارٹی انتخابات کی رپورٹ جمع کرانے تک انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) نے جلد پارٹی انتخابات کیلئے 17 اکتوبر کو مرکزی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کو پارٹی انتخابات کرانے تک انتخابی نشان الاٹ کرنے سے انکار کر دیا ہے اور انہیں جلد پارٹی انتخابات کرانے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے انکار کے بعد مسلم لیگ (ن) نے جلد پارٹی انتخابات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں مرکزی کونسل کا اجلاس بھی 17 اکتوبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور نواز شریف کو دوبارہ پارٹی صدر بھی منتخب کر لیا جائے گا اور بعد ازاں الیکشن رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا کر انتخابی نشان حاصل کیا جائے گا۔