اسلام آباد : احتساب عدالت نے نااہل وزیراعظم نوازشریف کے دونوں صاحبزادوں کی جائیداد قرق کرنے کا فیصلہ کرکے چھ کمپنیوں کے شیئرز قرق کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نا اہل وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے خلاف ریفرنس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران نیب کی جانب سے حسن اور حسین نواز کے اثاثوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی، ایس ای سی پی ریکارڈ کےمطابق حسن ، حسین نواز کے چھ کمپنیوں میں شیئرزہیں۔
عدالت نے نیب کی رپورٹ کے بعد ایس ای سی پی کو نا اہل وزیراعظم کے دونوں بیٹوں کے شیئرز قرق کرنے کی ہدایت کردی۔
احتساب عدالت نے دونوں مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کررکھی ہے اور کہا کہ اگر ملزمان آٹھ نومبر تک عدالت میں پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔ عدالت نے اثاثوں سے متعلق مزید کارروائی چودہ نومبر تک ملتوی کردی ہے۔
خیال رہے کہ عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادوں کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس الگ کردیے تھے جبکہ مسلسل طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے احتساب عدالت نے نا اہل وزیراعظم نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے2 ریفرنسز میں قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔