ممبئی : بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جارہے ون ڈے میچ میں بھارت کو 214 رنز سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، تفصیلات کے مطابق پانچویں اورآخری ون ڈے میں جنوبی افریقی بلے بازوں نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اوپنرز نے بھارتی بالرز کا بھرکس نکال دیا۔ جنوبی افریقی بلے باز جلاد بن گئے جو بھارتی سورماؤں پر بجلی بن کرگرے۔ جنوبی افریقی بلے بازوں کے لاٹھی چارج نے بھارتیوں کو دن میں تارے دکھادئیے۔
پروٹیاز کے ایک نہیں تین بیٹسمینوں نے بھارتی بولرز کی جی بھرکے دھنائی کی،اور بیک ٹو بیک سنچریاں بنائیں۔ ایم ایس دھونی کے تمام حربے ناکام ہوگئے۔
جنوبی افریقی بلے بازوں نے رحم کی تمام اپیلیں مسترد کردی۔ مارمار کر بلے بازوں نے بولرزکا براحال کردیا۔ بیس چھکے اور اڑتیس چوکے لگاکر بھارتیوں کے چودہ طبق روشن کردئیے۔
ڈوپلسی زخمی ہونے کےباوجود بھارتی بولرز پربرستے رہے، گرتے پڑتے تین چھکے لگاکر ریٹائرہٹ ہوگئے۔ ڈی کوک اورڈوپلسی سے بچےتو ڈی ویلئرز نےبھارتیوں پرہاتھ صاف کئے۔
ڈی ویلئرز نے ستاون گیندوں پر طوفانی سنچری مکمل کی۔ بھارتی بولرز بھونیشورکمار نے بدترین بولنگ کاریکارڈ بنادیا۔انہوں نے دس اوورز میں ایک سو چھ رنز کی پٹائی کھائی۔ جنوبی افریقہ نے چارسو اڑتیس رنز بناکر دنیائےکرکٹ کا تیسرا بڑا اسکوربنادیا۔
جواب میں بھارتی ٹیم ہدف تک پہنچنے میں بری طرح ناکام ہوگئی۔ بھارت کی پوری ٹیم صرف 36 اوورز میں 224 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، صرف اجنکیا رہانے 87 رنز بنا کر نمایاں رہے۔